منگلورو،13؍اکتوبر (ایس او نیوز)الال پولیس اسٹیشن کے حدود میں ساحلی کنارے پر نقلی کرنسی نوٹ چلانے کی کوشش کررہی ایک ٹولی پر پولیس نے دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں چار ملزمین پولیس کے ہتھے چڑھ گئے جبکہ دو ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے بیان کے مطابق ایک کار میں بیٹھ کر نقلی نوٹ فروخت کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے جن ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے ان کے نام سید ثاقب، فیصل خان، محمد جمان اور حارث ہیں، اور فرار ہونے والوں کے نام رنجیت اور سلیم ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ساحل کے کنارے بنگلورو رجسٹریشن نمبر والی ہونڈاسٹی کار دیکھی جس میں بیٹھے ہوئے نوجوانوں کی حرکنات و سکنات کچھ عجیب سی لگ رہی تھی۔ جب پولیس والے ان کی کار کے قریب پہنچے تو ان میں سے دو بھا گ کھڑے ہوئے، جس سے پولیس ٹیم چوکنا ہوگئی اور اس نے کار کے دروازے کھلواکر اندر تلاشی لی۔لیکن جب ان نوجوانوں کو پولیس اسٹیشن لے جاکر تفتیش کی گئی تو انہوں نے اقرار کیا کہ وہ کمیشن کی بنیاد پر نقلی نوٹ چلانے کے لئے یہاں آئے ہوئے ہیں۔
پولیس نے ہونڈا سٹی کار، پانچ موبائل فون اورملزمین کے پاس موجود 2.4لاکھ روپے ضبط کرلیے۔الا ل اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔